پاکستان تحریک انصاف کا صوابی میں جلسہ، پنڈال سج گیا، کارکنوں کی آمد

Published On 08 February,2025 09:53 am

صوابی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج صوابی میں پاور شو کرے گی جس کیلئے پنڈال سج گیا ہے، کارکنوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

انتظامیہ کے مطابق صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، 80 فٹ چوڑا اور 40 فٹ اونچا سٹیج بنا دیا گیا، پنڈال میں لائٹس لگ چکی، پنڈال میں 8 ہزار سے زیادہ کرسیاں لگائی جائیں گی، جلسے کی سکیورٹی کیلئے 1400 اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔

جلسے میں مرکزی و صوبائی قائدین کارکنوں سے خطاب کریں گے، پشاور میں ہر حلقے سے مقامی قیادت کی زیر نگرانی قافلے صوابی پہنچیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر یوم سیاہ منا رہے ہیں، پورے ملک میں پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ عوام بھی احتجاج کر رہے ہیں، یوم سیاہ تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ فارم 47 کی نا اہل حکومت نے پاکستان کے ہر ادارے کو تباہ کر دیا، 26 نومبر اور 9 مئی کے واقعات میں ملوث حکومت جودیشل کمیشن بنانے سے ڈرتی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ آج یوم سیاہ پر صوابی میں بھرپور احتجاج کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان زیرک سیاستدان ہیں، عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے، سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) نے 26 ویں ترمیم میں ووٹ دیا یہ ان کی سیاست ہے، جہاں ہو سکتا ہے وہاں مولانا کا تعاون لیں گے۔