ہفتے کو صوابی میں بہت بڑا جلسہ ہوگا: رؤف حسن

Published On 07 February,2025 10:49 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف رؤف حسن نےدعویٰ کیا ہے کہ ہفتے کو صوابی میں بہت بڑا جلسہ ہوگا۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے رؤف حسن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیے، ہم امید کر رہے تھے لاہور میں جلسے کی اجازت مل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے الائنس کا مقصد جمہوریت کو واپس لانا ہے، مینارپاکستان پرجلسہ نہیں ہوگا، کل کا احتجاج ون ڈے ایونٹ ہوگا، تحریک شروع نہیں ہورہی، کسی جماعت کےبندے کو توڑنا ہمارا کلچرنہیں ہے، بندے توڑنےوالا کام (ن) لیگ، پیپلزپارٹی والے کرتے ہیں۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم وہ کام کریں گےجوجمہوری قدریں اجازت دیتی ہے، ہماری کمیٹی آئندہ کا لائحہ عمل طے کرےگی، آئینی وقانونی سمیت تمام محاذ استعمال کریں گے،ہم اتحادی جماعتوں کےساتھ ملکرآگےبڑھیں گے۔

رؤف حسن نے کہا کہ بیرسٹرگوہرسےمتعلق باتوں میں صداقت نہیں ہے، اعظم سواتی سےجلد ملاقات کروں گا، اعظم سواتی کےاگرکوئی تحفظات ہوئےتوانہیں دورکریں گے جبکہ علی امین گنڈا پوراورجنید اکبرایک پیج پرہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا متحرک ہیں اوررہیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں اُن کا مزید کہنا تھا کہ سپیکرقومی اسمبلی غلط بیانی کر رہے ہیں، ایاز صادق کے پاس اتنےاختیارنہیں کہ بانی سےملاقات کرا سکیں۔