سرگودھا: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی ودیگر پی ٹی آئی رہنماؤں پر 9 مقدمات میں آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔
سرگودھا کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ 9 مئی مقدمات کی سماعت ہوئی، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچڑ، بلال اعجاز چٹھہ، صنم جاوید اور عالیہ حمزہ آج پیش نہ ہو سکے۔
ملزمان کے وکلاء نے عدم حاضری پر معافی کی درخواست دائر کی جو عدالت نے قبول کرلی ، پی ٹی آئی رہنماؤں کی عدم حاضری کے باعث ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی ، عدالت نے آئندہ پیشی پر تمام ملزمان کو پیش ہونے کا حکم جاری کردیا۔
بعدازاں عدالت نے تھانہ موسیٰ خیل اور کمر مشانی کے مقدمات کی سماعت 14 فروری جبکہ تھانہ سٹی میانوالی میں درج مقدمات کی سماعت 22 فروری تک ملتوی کردی۔