رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں وفاقی ترقیاتی اخراجات کی تفصیلات جاری

Published On 08 February,2025 04:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں وفاقی ترقیاتی اخراجات کی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔

دستاویز کے مطابق جولائی تا جنوری وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت 220 ارب روپے سے زیادہ کے اخراجات ہوئے، 7 ماہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 629 ارب روپے جاری کئے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی سکیموں کیلئے 48 ارب روپے سے زیادہ جاری جبکہ ارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی سکیموں پر صرف 82 لاکھ روپے سے زیادہ خرچ ہوئے۔

دستاویز کے مطابق صوبوں اور خصوصی علاقہ جات کے ترقیاتی منصوبوں پر 59 ارب روپے سے زیادہ خرچ ہوئے، آبی وسائل کے ترقیاتی منصوبوں پر 44 ارب روپے سے زیادہ کے اخراجات ہوئے۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترقیاتی منصوبوں پر 43 ارب روپے، اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں پر 13 ارب روپے سے زیادہ کے اخراجات ہوئے۔

دستاویز کے مطابق ریلوے ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں پر 12 ارب اور پاور ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں پر 5 ارب روپے سے زیادہ کے اخراجات ہوئے۔