نیول چیف کی نویں کثیر القومی بحری مشق’ امن‘ میں شرکت، غیر ملکی بحری جہازوں کا دورہ

Published On 08 February,2025 08:56 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) نیول چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق ’امن‘ میں شرکت کی اور غیر ملکی بحری جہازوں کا دورہ کیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک بحریہ کو چاق و چوبند دستے نے گارڈز آف آنر پیش کیا، نیول چیف نے بنگلہ دیش، جاپان، چین، امریکا، انڈونیشیا ، ایران،سری لنکا، ملائیشیا اور یو اے ای کے بحری جہازوں کا دورہ کیا، اس موقع پر جہازوں پر سینئر افسران و کمانڈنگ آفیسرز نےایڈمرل نوید اشرف کا پرتپاک استقبال کیا ۔

دوسری جانب پاک بحریہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان محفوظ سمندری ماحول اور امن و امان کے لیے مشترکہ کوششوں پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی جذبے کے تحت پاک بحریہ ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پٹرول اور کثیر القومی مشق امن جیسے اقدامات کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

ایڈمرل نوید اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ امن مشق سے شروع ہونے والا تعاون اور شراکت داری مستقبل میں مزید فروغ پائے گی اور ہمیں امن اور خوشحالی کے باہمی مقصد کے قریب لائے گی.

نیول چیف نے ”امن کے لیے متحد“ کے مشترکہ عزم کو پورا کرنے کے لیے امن مشق میں ان ممالک کی شرکت کو سراہا۔

سربراہ پاک بحریہ نے متحدہ عرب امارات کے ابوظہبی کلاس بحری جہاز اور امریکا کے بحری جہاز یو ایس ایس لیوس بی پلّر کا دورہ کیا، اس موقع پر امیر البحر نے سینئرعسکری حکام اور کمانڈنگ آفیسرز سے بات چیت کی جبکہ نیول چیف کو جہازوں پر بریفنگز بھی دی گئیں۔