راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک بحریہ نے ٹاسک فورس 151 کی قیادت گیارہویں مرتبہ سنبھال لی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمان کی تبدیلی کی تقریب کمبائنڈ میری ٹائم فورسز ہیڈکوارٹرز بحرین میں منعقد ہوئی، پاک بحریہ کے کموڈور سہیل احمد عظمی کمبائنڈ ٹاسک فورس-151 کے نئے کمانڈر تعینات ہو گئے، اس سے پہلے یہ کمانڈ ترک بحریہ کے پاس تھی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کموڈور سہیل احمد عظمی نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاک بحریہ دیگر ممالک کی بحری افواج کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمبائنڈ ٹاسک فورس-151 میری ٹائم سکیورٹی، بحری قزاقی اور سمندر میں دہشت گردی کی روک تھام کو یقینی بناتی ہے، تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے سفیروں سمیت دیگر سفارتی اور عسکری شخصیات نے بھی شرکت کی۔