کراچی میں پنجاب طرز پر وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم متعارف کرانے کی تجویز

Published On 11 February,2025 04:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کے باعث سندھ حکومت نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔

وزیر داخلہ ضیاء لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، کمشنر کراچی، ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر افسران شرکت کریں گے، کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے تجاویز تیار کر لی گئیں۔

کراچی ٹریفک پولیس نے پنجاب کی طرز پر وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم متعارف کروانے کی تجویز دی ہے، وی آئی سی ایس کے تحت پرائیویٹ ادارہ تمام ٹرانسپورٹ کا معائنہ کر سکے گا۔

3 سے 6 ماہ کے بعد گاڑیوں کی فٹنس چیک کرنے کی ضرورت ہے، پرانے ماڈل کی گاڑیاں سڑکوں پر موجود، ریٹائرمنٹ کا کوئی نظام نہیں، کراچی ٹریفک پولیس کو نفری کی کمی کا بھی سامنا ہے۔

کراچی میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی تعداد 67 لاکھ سے زائد ہوگئی، کراچی میں رکشوں کی تعداد 3 لاکھ سے بڑھ گئی۔

کراچی ٹریفک پولیس کے پاس صرف 5 سو افسران دو شفٹوں میں موجود ہیں، کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ بڑھنے کے بجائے کم ہوئی۔