کراچی میں گورننس ہے نہ عوام کو کوئی ریلیف: حافظ نعیم الرحمان

Published On 11 February,2025 10:14 pm

لاہور:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی میں گورننس ہے نہ عوام کو کوئی ریلیف۔

لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہری ڈمپرزاور ٹینکرز کا نشانہ بن رہے ہیں، ڈیڑھ ماہ میں سو سے زائد جانیں چلی گئیں، سولہ برس سے لگا تار حکومت کرنے والی پیپلزپارٹی جعلی مینڈیٹ کے ساتھ برسر اقتدار ہے۔

انہوں نے کہا کہ نااہلی ایسی کہ ٹریفک قوانین پر بھی عمل نہیں کروا سکتے، کراچی میں نہ گورننس ہے نہ عوام کو کوئی ریلیف، بلدیاتی اداروں پر عوامی رائے پر شب خون مار کر قبضہ کررکھا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے نوجوانوں کی تعلیمی نسل کشی کی جارہی ہے، دوہرے ڈومیسائل بناکر داخلوں تک سے محروم کیا جا رہا ہے، اصل سوال ان سے ہے جنہوں نے مئیرشپ پر قبضہ کروایا اور عام انتخاب میں اس ”سسٹم“کو مسلط کیا۔