کراچی: ٹریفک حادثات، شہریوں کا پارہ ہائی، 3 مال برادر گاڑیوں اور ایک ٹینکر کو آگ لگا دی

Published On 12 February,2025 06:41 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ہیوی ٹریفک کے پے درپے حادثات سے اموات کے باعث شہریوں کا پارہ ہائی ہوگیا، نامعلوم افراد نے تین مال بردار گاڑیوں اور ایک ٹینکر کو آگ لگادی۔

سرجانی ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے واٹر ٹینکر کو نذر آتش کردیا، صبح کے اوقات میں لانڈھی میں نامعلوم افراد نے 2 مال بردار ٹرکوں کو آگ لگادی، ایک ٹرک جل گیا، دوسرے کو بچالیا گیا،لیاقت آباد نمبر 3 میں سڑک پر کھڑے ٹریلر کو آگ لگادی گئی۔

کراچی میں ڈمپر نے ایک اور جان لے لی، مشرف کالونی کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شہری جاں بحق ہو گیا، کراچی میں رواں برس ٹریفک حادثات میں 104 افراد جاں بحق، ایک ہزار 404 افراد زخمی ہوئے۔

ڈمپرز جلانے کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے احتجاج کیا اور حکومت سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔