اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی عاقب اللہ کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 20 روز میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے درخواست پر سماعت کی، عدالت نے پی ٹی آئی ایم پی اے عاقب اللہ کی بانی سے ملاقات کی درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا دی۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 20 روز میں درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔
درخواست گزار کی وکیل عائشہ خالد اور سٹیٹ کونسل عدالت میں پیش ہوئے، وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ جیل مینوئل کے مطابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھی درخواست دی ہے۔
جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ یہ کیس کس بنیاد پر انسانی حقوق میں شامل ہے، ہر بندہ تو جیل میں جا کر نہیں مل سکتا، پہلے تو یہ دیکھنا ہے کہ یہ درخواست قابل سماعت ہے بھی یا نہیں، عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کے ساتھ درخواست نمٹا دی۔