سی ایس ایس کے امتحانی نتائج جاری کیے بغیر نئے شیڈول کے اعلان کیخلاف درخواست مسترد

Published On 14 February,2025 11:08 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سی ایس ایس کے سال 2024 کے نتائج جاری کیے بغیر 2025 کے امتحان کا شیڈول جاری کرنے کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے درخواست سماعت کی ، درخواست گزاروں کی جانب سے ایڈووکیٹ نبیل جاوید کاہلوں عدالت پیش ہوئے۔

وکیل درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس کے سال 2025 کے امتحان کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے، پبلک سروس کمیشن نے ابھی تک سال 2024 کے لیے گئے امتحان کے نتائج کا اعلان نہیں کیا، نتائج کا اعلان کیے بغیر نیا امتحان درخواست گزاروں کے ساتھ ناانصافی ہے۔

درخواست گزاروں کیجانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت فوری طور پر 2024 کے امتحان کے نتائج کا اعلان کرنے کا حکم دے، عدالت 2024 کے نتائج کے اعلان تک 2025 کے سی ایس ایس کے امتحانات کا انعقاد کرنے سے روکنے کا حکم دے، عدالت مستقبل میں سی ایس ایس کے امتحانات کے نتائج کا بروقت اعلان یقینی بنانے کا حکم دے۔

دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اپریل میں 2024 کا رزلٹ جاری کر دیا جائے گا، کچھ طلباء کے لیے سسٹم کو روکا نہیں جاسکتا، سی ایس ایس سال 2025 کے لیے امتحانات کی تیاری مکمل ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی اسی طرز کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے سی ایس ایس کے 2024 کے امتحانات کے نتائج جاری کیے بغیر 2025 کے امتحانی شیڈول کے اعلان کیخلاف دائر درخواست مسترد کردی۔