راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ اور سعودی بحریہ کے مابین دوطرفہ میری ٹائم مشق نسیم البحر XV شمالی بحیرہ عرب میں اختتام پذیر ہو گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا اختتام شمالی بحیرہ عرب میں فائر پاور کے مظاہرے کے ساتھ ہوا، کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بھی مہمان خصوصی کے ساتھ میزائل فائرنگ کا مظاہرہ دیکھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ اور سعودی نیول فورسز کے جہازوں نے زمین سے سطح زمین اور فضا میں ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل فائر کیے۔
میزائلوں نے اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بناتے ہوئے آپریشنل تیاری اور حربی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مشق نسیم البحر میں اینٹی سرفیس ، اینٹی سب میرین وارفیئر اور مربوط میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز شامل تھے۔
مشق نسیم البحر ہر دو سال بعد منعقد کی جانے والی دو طرفہ آپریشنل مشق ہے یہ مشق سٹریٹجک شراکت داری اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کیلئے دونوں بحری افواج کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔