جنرل ساحر شمشاد مرزا کا دورہ سعودی عرب، سٹریٹجک و سکیورٹی امور پر گفتگو

Published On 15 February,2025 08:29 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان سعودی عرب مشترکہ فوجی تعاون کمیٹی کے 8 ویں دور میں شرکت کی۔

جنرل ساحر شمشاد کی سعودی نائب وزیر دفاع میجر جنرل طلال بن عبداللہ العطیبی سے ملاقات ہوئی، جنرل ساحر شمشاد سعودی چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمد الرویلی سے بھی ملے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں کے دوران سٹریٹجک اور سکیورٹی کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقاتوں میں موجودہ علاقائی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا اور جنرل فیاض بن حمد الرویلی نے فوجی تعاون کمیٹی کی مشترکہ صدارت کی، فریقین نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان جاری تعاون کا جائزہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں باہمی تبادلہ پروگراموں، تربیتی اقدامات اور دیگر دفاعی امور پر توجہ مرکوز کی گئی، فریقین نے موجودہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سعودی عسکری قیادت پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، سعودی عسکری قیادت نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی آرمڈ فورسز ہیڈکوارٹرز آمد پر جنرل ساحر شمشاد مرزا کو گارڈ آف آنر دیا گیا۔