پشاور:(دنیا نیوز) مرکزی رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی ایما پر کسانوں پر لگنےوالے ٹیکس باعث تشویش ہیں۔
پشاور میں اسد قیصر سے خیبر پختونخوا کے کاشتکاروں کے وفد نے ملاقات کی ، ملاقات میں صوبے بھر کے کاشتکاروں پر مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی جانب لگائے جانے والے انکم ٹیکس پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ایما پر جو ٹیکسز لگ رہے ہیں اس پر ہمیں تشویش ہے، اگلے ہفتے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے اس حوالے سے ملاقات اور قومی اسمبلی میں بھی کاشتکاروں کے مسائل کو اجاگر کروں گا
انہوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ وار زون میں شامل ہے، ہماری انڈسٹری تباہ و برباد ہو چکی ہے، ہماری معیشت بھی بری طرح بیٹھ گئی اور روزگار کے مواقع نہایت محدود ہو گئے ہیں، چھوٹے زمینداروں کا بہت مشکل سے گزارا ہوتا ہے، ٹیکسز لگنے چاہئیں، لیکن سب سے پہلے بڑے لینڈ لارڈز اور جاگیرداروں پر لگائیں۔
رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ اگر چھوٹے زمیندار کو ٹیکس نیٹ میں لیا گیا تو اس کے بہت بُرے اثرات ہوں گے، امید ہے صوبائی حکومت اس فیصلے پر نظرثانی کرے گی۔