لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے لاہور میں سموگ اور فضائی آلودگی کا مستقل حل تلاش کرنے کیلئے شہر میں 978 ایکڑ پر قدرتی جنگل اگانے کی مہم کا آغاز کر دیا۔
اس مہم کا مقصد لاہور کو آکسیجن حب بنانا اور شہریوں کو تازہ آکسیجن اور صاف فضا فراہم کرنا ہے۔
دریائے راوی کے کنارے وسیع سبز بیلٹ بنانے کے منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر 144 ایکڑ پر ایک لاکھ پانچ ہزار درخت لگائے جا چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 6 لاکھ 34 ہزار درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس منصوبے سے نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی آئے گی، بلکہ لاہور کی فضاؤں میں تازگی بھی آئے گی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ لاہور کو سرسبز اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیح ہے، یہ منصوبہ لاہور کی فضا میں بہتر آکسیجن کی فراہمی اور سموگ کے خاتمے کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
پنجاب حکومت کے تحت محکمہ فارسٹ اور روڈا نے اس شجرکاری مہم کا آغاز کیا ہے اور اس میں ہر شہری کو شامل ہونے کی اپیل کی ہے تاکہ لاہور کو سموگ فری بنایا جا سکے، ہر فرد کا شجرکاری مہم میں حصہ لینا ضروری ہے تاکہ سبز لاہور کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف لاہور کی ماحولیاتی حالت کو بہتر بنائے گا بلکہ پنجاب حکومت کا ایک اہم اقدام ہے جو گرین انقلاب کی جانب ایک بڑا قدم ثابت ہوگا۔