کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں واٹر ٹینکر نے ایک اور ماں کے بیٹے کو کچل کر موت کی نیند سلا دیا۔
حادثہ بفرزون کے بی آر سوسائٹی میں پیش آیا، واٹر ٹینکر کے پہیوں تلے کچل کر نوعمر لڑکا جاں بحق ہوگیا، مشتعل مکینوں نے پتھراؤ کر کے واٹر ٹینکر کے شیشے توڑ دیئے جبکہ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے ٹینکر قبضے میں لے لیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ جان لیوا حادثہ بفرزون کے بی آر سوسائٹی بروہی گوٹھ میں پیش آیا جہاں واٹر ٹینکر پانی سپلائی کرنے آیا تھا اور ریورس کرتے ہوئے علاقے کا لڑکا پہیوں تلے آکر جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت 10 سالہ صائم کے نام سے کی گئی، پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
مکینوں کا کہنا تھا کہ علاقے میں میٹھا پانی تو ناپید ہے اسی وجہ سے مکین فلٹر پلانٹ سے پینے کا پانی حاصل کرتے ہیں، ہسپتال میں متوفی کے تایا نے بتایا کہ متوفی صارم 3 بہنوں اور 2 بھائیوں میں سب سے بڑا اور چوتھی کلاس کا طالبعلم تھا۔