اسلام آباد: (حریم جدون) ٹرانسپورٹ سیکٹر کا سموگ کو بڑھانے میں اہم کردار ہے، ٹرانسپورٹ کے ذریعے 36 فیصد فضائی آلودگی ہوتی ہے ۔
محکمہ ماحولیات کی دستاویز کے مطابق نیشنل گرین ہاؤس گیس میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کا حصہ تقریباً 9.48 فیصد ہے، گزشتہ سالوں کے دوران نیشنل گرین ہاؤس گیس کا اخراج 2012 میں 10.87 فیصد سے کم ہو کر 2024 میں 9.8 فیصد ہو گیا ہے، سموگ میں ٹرانسپورٹ کا بڑا حصہ ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 2019 میں پنجاب میں فضائی آلودگی میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کا حصہ 43 فیصد تھا، دس سال میں پاکستان میں گاڑیوں کی رجسٹریشن میں 148 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد بڑھ کر تین کروڑ 74 لاکھ ہوگئی ہے۔
دستاویز کے مطابق ملک میں دوکروڑ 90 لاکھ 82 ہزار ٹو وہیلر ز جبکہ 8 لاکھ 36 ہزار سے زائد تھری وہیلرز گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، 48 لاکھ 7 ہزار سے زائد پرائیویٹ گاڑیاں ، تین لاکھ 50 ہزار سے زائد لائٹ اینڈ ہیوی ویٹ گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں جبکہ ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد بسیں رجسٹرڈ ہیں ۔