وزیراعظم کا راجن پور میں یونیورسٹی، ڈی جی خان میں کینسر ہسپتال کے قیام کا اعلان

Published On 22 February,2025 02:29 pm

ڈیرہ غازی خان: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے راجن پور میں یونیورسٹی اور ڈی جی خان میں کینسر ہسپتال کے قیام کا اعلان کردیا۔

ڈیرہ غازی خان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان آکر دلی خوشی ہو رہی ہے، والہانہ اور پرتپاک استقبال پر ڈیرہ غازی خان کے عوام کا مشکور ہوں، ہم نے عوام کی ترقی کیلئے دن رات کام کیا، نواز شریف کا ویژن صرف پاکستان کی ترقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں پنجاب کی ترقی ہوئی، مریم نواز اب پنجاب کے عوام کی خدمت کررہی ہیں، مریم نواز پنجاب کے گھر گھر میں ادویات پہنچا رہی ہیں، مریم نواز ہر گھر کی دہلیز پر سہولیات پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں، 2010 کے سیلاب میں ہم نے جنوبی پنجاب میں دن رات کام کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے صحت، تعلیم اور انڈسٹری کی ترقی کیلئے خادم اعلیٰ کی حیثیت سے کام کیا، عوام کو روزگار کی فراہمی کیلئے منصوبوں کے جال بچھائے، ساری عمر بھی آپ کی خدمت کرتا رہوں تو آپ کا احسان نہیں اتار سکتا، ہم نے اپنی سیاست کو قربان کر کے ریاست کو بچایا، آج ہم اس مقام پر پہنچ گئے ہیں جہاں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ جب باہر جاتا ہوں تو دعا کرتا ہوں برادر ملک کے سربراہ یہ نہ سمجھیں کچھ مانگنے آیا ہوں ، پاکستان کی معیشت اب بہتری کی جانب گامزن ہے، ہم مہنگائی چالیس فیصد سے 4 فیصد پر لائے، پالیسی ریٹ 22 سے 12 فیصد پر لائے ہیں، میرے لیے تمام صوبے برابر ہیں، ہم خون پسینہ بہا کر ملک کو عظیم بنائیں گے، ترقی میں بھارت کو پیچھے نہ چھوڑا تو میرا نام شہباز شریف نہیں۔