کراچی:(دنیا نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے عمران خان کو سمجھوتے کے تحت جیل میں رکھا ہوا ہے۔
بعد ازاں شہر قائد کے کسٹم ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چاہتی بانی پی ٹی آئی جیل میں رہیں، ٹرمپ کارڈ پلے کارڈ بن گیا ہے، ن لیگ کی حکومت کی ضامن پی ٹی آئی ہے،دھرنا احتجاج ڈی چوک پر کچھ نظر نہیں آرہا۔
انہوں نے کہا کہ سمجھوتے کے تحت بانی پی ٹی آئی جیل میں رہیں گے، میری ٹائم کے شعبہ پورے ملک کا قرضہ اتار سکتا ہے ، پورٹ قاسم پر اربوں روپے کی قبضے کی زمینوں کو ریکور کروائیں گے، کسٹم ایجنٹس کا شکر گزار ہوں انہوں نے میرے کہنے پر ہڑتال ختم کردی۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کسٹم ماہانہ 400 ارب روپے کسٹم ڈیوٹی ادا کرتے ہیں، ان کی ہڑتال سے ملک و معیشت کو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے، جس کے باعث مہنگائی کا خدشہ ہے، کسٹم ایجنٹس کو بدھ کے دن میٹنگ کے لئے بلالیا ہے،ان کا مسئلہ حل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے ہدایت دی ہے کہ پاکستان پہلے ہے باقی چیزیں بعد میں ہیں، ڈمپرز کے حادثات پر قابو پانے کے لئے ان کی رفتار 40 پر لاک کی جاسکتی ہے۔
آخر میں سینیٹر فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ کسٹم ایجنٹس سے کرپٹ افسران کی فہرست مانگ لی ہے، ہمارے ملک کا المیہ یہ ہے کہ چھوٹے چوروں کو پکڑ لیا جاتا ہے اور بڑوں کو چھوڑ دیا جاتا ہے۔
فیصل واوڈا کی یقین دہانی کے بعد پاکستان کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا، سینیٹر نے تمام افراد سے اظہار تشکر کیا۔