کوئٹہ :(دنیا نیوز) بلوچستان سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہو گئی، الیکشن کےلئے صرف ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق سینیٹ کے جنرل الیکشن کے لئے اسد قاسم نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، آج کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہو گیا، جانچ پڑتال کے عمل کے بعد ان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔
دوسری جانب ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 25 فروری کو دائر، حتمی فہرست 28 فروری کو جاری کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کے لیے یکم مارچ کی تاریخ مقرر ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ کاغذات نامزدگی پر اعتراض نہ لگنے اور کاغذات واپس نہ لینے کی صورت میں اسد قاسم بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہو جائیں گے۔
واضح رہے سینیٹ کی یہ جنرل نشست بی این پی کے قاسم رونجھو کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھی۔