ٹرانس افغان ریلوے منصوبہ پاکستان، ازبکستان کیلئے گیم چینجر ہوگا: وزیراعظم

Published On 26 February,2025 06:40 pm

تاشقند:(دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹرانس افغان ریلوے پروجیکٹ ،7 ارب ڈالر کا منصوبہ ہے، جو دونوں ممالک کی ترقی کیلئے گیم چینجر ہوگا۔

ازبکستان میں پاک۔ازبک بزنس فورم سے خطاب کرتے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا کہ معاشی ترقی سے شہروں میں خوشحالی آتی ہے، دو عظیم ممالک کے تاجر اور سرمایہ کاروں کے عزم کا عکاسی ہے کہ وہ نہ صرف پاکستان، ازبکستان میں سرمایہ کاری کریں بلکہ باہمی مفادات کے لیے اپنے نظریات کا تبادلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے تاجر اور سرمایہ کار تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے، ازبک صدر نے بالکل ٹھیک کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کی بزنس کمیونٹی کی ایک دوسرے کے ساتھ مسابقت نہیں ہے بلکہ باہمی مفادات کے شعبہ جات میں ایک دوسرے کی سپورٹ کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور ازبکستان میں مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں، معاہدوں پر دستخط

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان بزنس کمیونٹی ازبکستان آئے اور ٹیکسٹائل وینچرز کی مینجمنٹ کرے، یہ بہترین موقع ہے اس کا فائدہ اٹھانا چاہیے، یہ دونوں ممالک کے لیے بہتر ہوگا، اسی طرح لیدر، فارماسیوٹیکل انڈسٹری اور آلات جراحی کے شعبوں میں پاکستان کی کارکردگی شاندار ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم نے ویزہ پالیسی میں نرمی کے حوالے سے بھی بات کی، ازبکستان نے اسحٰق ڈار کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے لیے ویزے دستیاب ہوں گے، یہ تجارتی فروغ کے لیے بہترین سپورٹ ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ٹرانس افغان ریلوے پروجیکٹ پر بھی بات چیت ہوئی ہے، یہ 7 ارب ڈالر کا منصوبہ ہے، جو خطے کی ترقی کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے خصوصی اقتصادی زونز بھی بنائے گئے ہیں، پاکستان میں مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سستی توانائی کے حصول کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، مزید کہا کہ سیاحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ازبک سرمایہ کار اور تاجر سرمایہ کاری کے پُرکشش مواقع سے مستفید ہو سکتے ہیں، اسی طرح خطے کے ممالک گوادر اور پورٹ قاسم بندرگاہ سے کاروباری سرگرمیاں کرسکتے ہیں، خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے علاقائی روابط کا فروغ ضروری ہے۔
ازبکستان صدر شوکت میر ضیایوف
قبل ازیں ازبکستان کے صدر شوکت میر ضیایوف نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کے بے پناہ مواقع ہیں۔

ازبک صدر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کی شراکت داری ہونے جا رہی ہے، یہ ایک تاریخی دورہ ہے، باہمی تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی، باہمی شراکت داری کے حوالے سے مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔

شوکت میر ضیایوف نے کہا کہ شراکت داری کے حوالے سے وسیع مواقع ہیں، اور مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ آپ جوائنٹ وینچرز اور ازبک کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری قائم کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا مزیدکہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں نمایاں کارکردگی کا مشاہدہ کیا گیا ہے، وہ مہنگائی کی شرح کم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، اسی طرح شرح سود میں کمی بھی اچھی کامیابی ہے، اور پاکستان کے عوام ان تبدیلیوں پر خوش ہیں، اس حوالے سے میں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرنا چاہوں گا۔