ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان پاکستان پہنچ گئے

Published On 27 February,2025 03:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

نور خان ایئربیس پہنچنے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا والہانہ استقبال کیا، ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کو بچوں نے گلدستے پیش کئے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو بھی معزز مہمان کے استقبال کیلئے موجود تھے، اسلام آباد میں بارش کے پیش نظر وزیراعظم شہبازشریف معزز مہمان کو بارش سے محفوظ رکھنے کیلئے خود چھتری تھام کر چلتے رہے۔

ابوظہبی کے ولی عہد کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی اسلام آباد پہنچا، وفد میں وزراء، اعلیٰ حکام سمیت کاروباری شخصیات شامل ہیں۔

دورے کے دوران ابوظہبی کے ولی عہد پاکستان کی قیادت کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے، مفاہمت کی یادداشتوں اور دیگر کاروباری معاہدوں پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔