لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، قصور، اٹک اور رحیم یار خان میں بھی بادل برس پڑے جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی باران رحمت سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔
کوئٹہ، سبی، قلات میں بادل خوب جم کر برسے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ سندھ میں کنڈیارو شہر اور گردونواح میں بھی بوندا باندی نے سماں باندھ دیا۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ برفباری کی وجہ سے بالائی علاقوں کی شاہراہیں بند ہو گئی ہیں، گلگت میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم متعدد مقامات پر بند کر دی گئی۔
داسو کے قریب بارش کی وجہ سے پہاڑ سرک گیا جس کی وجہ سے لوگ پھنس گئے، لال پڑی کے مقام پر سیلابی ریلا سڑک بہا لے گیا جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آئندہ دو روز تک شاہراہ قراقرم پر سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔