محکمہ موسمیات کی تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی

Published On 19 February,2025 10:35 am

اسلام آباد، لاہور: (دنیا نیوز) مغربی ہواؤں کا سلسلہ پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگیا، محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مری اور گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری ہونے کی توقع ہے، برفباری کے اثرات پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی پہنچیں گے، سرگودھا، میانوالی، بھکر، خوشاب، حافظ آباد، گوجرانوالہ، لاہور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، فیصل آباد، شیخوپورہ، نارووال اور سیالکوٹ میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ، خانیوال، ساہیوال ، پاکپتن، اوکاڑہ اور بہاولنگر میں بھی ہلکی بارش ہو سکتی ہے، بارش کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔

اس کے علاوہ سندھ میں موسم خشک اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، بلوچستان میں کوئٹہ، زیارت، قلات اور بارکھان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

پشاور کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، چترال، سوات ، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، تورغز مانسہرہ، مالا کنڈ، ایبٹ آباد ، صوابی ،مردان، نوشہرہ، چارسدہ ،پشاور ،کوہاٹ اور ہنگو میں بعض مقامات پر تیز ہواوں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔