ٹرمپ کی نئی سفری پابندیاں: پاکستان اور افغان شہریوں کا امریکا میں داخلہ بند ہونیکا امکان

Published On 06 March,2025 07:14 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئی سفری پابندیوں کے باعث پاکستان اور افغانستان کے باشندوں کا آئندہ ہفتے سے امریکا میں داخلہ بند ہو سکتا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی انتظامیہ مختلف ملکوں میں سکیورٹی اور جانچ پڑتال کے نظام کا جائزہ لے رہی ہے، اس نظرثانی کے نتیجے میں مختلف ملکوں سے آنے والوں کا امریکا میں داخلہ بند ہو سکتا ہے۔

امریکی صدر کی طرف سے 20 جنوری کو ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا گیا تھا جس میں امریکی سلامتی کو خطرات کی نشاندہی کے لیے امریکا آنے والوں کی سخت جانچ پڑتال کو ضروری قرار دیا گیا، ٹرمپ نے کابینہ اراکین کو ہدایت کی تھی کہ کمزور اور ناقص جانچ پڑتال والے ممالک کی فہرست فراہم کی جائے جن پر جزوی یا مکمل پابندی کا اطلاق کیا جانا چاہیے۔

خبر ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ افغانستان اور پاکستان پر مکمل سفری پابندی کی تجویز دی جا سکتی ہے، نئی پابندیوں سے وہ ہزاروں افغان بھی متاثر ہو سکتے ہیں جنہیں امریکا میں بسانے کے لیے کلیئرنس مل چکی ہے۔

طالبان کے انتقام کے ڈر سے امریکی فوج کے ساتھ کام کرنے والے افغان باشندوں کو پناہ گزین یا خصوصی ویزے پر امریکا میں بسانے کا فیصلہ ہوا تھا اور ان کے پاس امریکی ویزے بھی ہیں۔