پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہمارے صوبے میں واپڈا کا بڑا ایشو ہے، خسارے کو کم کرنے کے لئے متبادل سکیم شروع کی جا رہی ہے۔
سولرائزیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ لوگوں کے پاس وسائل کم ہیں، اس لئے ریاست کا فرض بنتا ہے وہ عوام کی مشکلات کم کرے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ 32 ہزار لوگوں کو فری سولر پینل دے رہے ہیں ، سولر سکیم میں پنکھا، بلب اور بیٹریاں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں 50 فی صد رعایت پر سولر سکیم دے رہے ہیں، ڈی آئی خان کے لوگوں نے زیادہ اپلائی کیا لیکن ہم نے میرٹ کو فالو کیا ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میں نے پراجیکٹ ملازمین کو سختی سے کہا شفافیت برقرار رکھیں، جہاں بجلی کم دی جا رہی ہے یا لائن لاسز ہیں وہاں سولر ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ مقابلہ کارکردگی پر ہونا چاہئے، پورے ملک میں خیبرپختونخوا سب سے آگے ہے، فنانس ڈیپارٹمنٹ کی انتھک محنتوں سے یہ منصوبہ کامیاب ہوا، محنت کا صلہ مل رہا ہے، یہ منصوبہ عوامی منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیوہ ، ٹرانسجینڈرز اور دیگر لوگوں کو اس منصوبہ میں شامل کیا گیا، اس منصوبہ میں صرف اور صرف مستحق لوگوں کو سولر مل رہے ہیں، لوگوں کو ہم پر اعتماد ہے اسی لئے اتنی عوام نے اپلائی کیا۔