اسلام آباد: (دنیا نیوز) سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے والے پی ٹی آئی کے مزید 15 افراد کو طلبی کے نوٹس جاری ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی قائم کردہ جے آئی ٹی نے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے پر پی ٹی آئی کے مزید 15 افراد کو طلب کر لیا ہے۔
طلبی کے مزید نوٹس جن افراد کو جاری کئے گئے ان میں گوہر علی خان، سلمان اکرم راجا، رؤف حسن، سید فردوس شمیم نقوی، محمد خالد خورشید خان، میاں محمد اسلم اقبال، محمد حماد اظہر شامل ہیں۔
عون عباس، عالیہ حمزہ ملک، محمد شہباز شبیر، وقاص اکرم، کنول شوزب، تیمور سلیم خان، اسد قیصر اور شاہ فرمان بھی طلبی کے نوٹس وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کے پاس ان افراد سے پوچھ گچھ کے لیے کافی شواہد موجود ہیں، جے آئی ٹی ان افراد کیخلاف ریاست مخالف پروپیگنڈے کی تحقیقات کرے گی۔
ان تمام افراد کو بذریعہ نوٹس 7 مارچ 2025 دوپہر 12 بجے جے آئی ٹی کے سامنے طلب کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ جے آئی ٹی بذریعہ نوٹیفکیشن F.No.8/9/2024-FIA/، الیکٹرانک جرائم کی روک تھام ایکٹ 2016 کے سیکشن 30 کے تحت تشکیل دی گئی تھی۔
جے آئی ٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، اسلام آباد کی سربراہی میں تحقیقات کر رہی ہے، جے آئی ٹی کا مقصد قانون کے مطابق ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی تجویز کرنا ہے۔
نوٹسز میں ان تمام افراد کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اس معاملے پر اپنی پوزیشن کی وضاحت کریں، اس سے قبل جے آئی ٹی، پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے 10 اراکان کو بھی طلبی کے نوٹس جاری کر چکی ہے۔