اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) میں جلد مشترکہ لائحہ عمل لانے پر اتفاق ہوگیا۔
پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں کے درمیان اہم اجلاس ہوا، جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، اعلامیے کے مطابق ملاقات میں بانی پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کے بعد رواں ماہ حتمی لائحہ عمل عوام کے سامنے لانے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کی جانب سے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، صوبائی صدر جنید اکبر، ایم این اے عاطف خان، ایم این اے عامر ڈوگر اور اپوزیشن اتحاد کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے شرکت کی۔
جے یو آئی کی طرف سے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری اور سینیٹر کامران مرتضیٰ شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اس بات کا بھی جائزہ لیا گیا کہ دونوں جماعتیں مستقبل میں کیسے ایک دوسرے کے ساتھ چل سکتی ہیں اس سلسلے میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر غور کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جہاں کھلے انداز میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ جو پیشرفت ہوئی ہے، اس پر بانی پی ٹی آئی عمران خان اور مولانا فضل الرحمان کی حتمی رائے لینے کے بعد رمضان کے دوران مشترکہ لائحہ عمل عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔