لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی مقدمات میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کی درخواست ضمانت میں 8 اپریل تک توسیع کر دی۔
اے ٹی سی کے جج منظر علی گل کے رخصت پر ہونے کے باعث 9 مئی جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما کی درخواست ضمانت پر سماعت نہ ہوسکی۔
عمر ایوب اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے اپوزیشن لیڈر کی عبوری ضمانت میں 8 اپریل تک توسیع کر دی۔
یاد رہے کہ عدالت نے عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں آج تک توسیع کر رکھی تھی، اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں پر بغاوت اور کارکنان کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے کا الزام ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے قومی اسمبلی میں خواجہ آصف اور عطاء تارڑ نے جعفر ایکسپریس پر کوئی بات نہیں کی، خواجہ آصف نے جو کل اسد قیصر اور دیگر کے لئے کہا اس کی مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں نے پکے کے ڈاکوؤں کو ڈرا کر رکھا ہوا ہے، پنجاب کی پولیس پیشہ ور فورس بن چکی ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہمارے فوجی جوان اور افسران ملکی دفاع کیلئے دن رات خون کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔