کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ کونسل کا اجلاس ہوا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے سندھ کونسل کے اجلاس میں پی پی پی کے صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی عہدیداران سمیت اراکین پارلیمان و ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی، اجلاس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
پیپلز پارٹی کی سندھ کونسل کے اجلاس میں صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں متنازعہ کینالز کے خلاف قرارداد پیش کی گئی، پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ کونسل کے اجلاس کے تمام اراکین نے دریائے سندھ پر کینالز کے منصوبے کے خلاف قرارداد کو مکمل اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ کونسل کے اجلاس میں جعفر ایکسپریس سانحے کی مذمت کی قرار داد بھی منظور کی گئی، اجلاس میں صوبے کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں چار اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یوم شہادت پر ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔