اسلام آباد:(دنیا نیوز) قومی اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے دوبارہ شروع ہوگا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا 18 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا، ایجنڈے میں ٹیکس ڈیجیٹلائزیشن کیلئے فرم کی خدمات لینے کے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس شامل ہیں۔
وزیر تجارت جام کمال خان اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز (ترمیمی) بل 2025 ، وزیر داخلہ محسن نقوی حوالگی ایکٹ 1972 میں ترمیم کا بل 2025 اور سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی آرڈیننس پیش کریں گے۔
اسی طرح فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی آرڈیننس میں توسیع ،وزیر خزانہ انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس میں توسیع کی قراردادیں اجلاس کا حصہ ہے جبکہ قائمہ کمیٹی انسداد منشیات کی یکم جولائی سے 31 مارچ تک کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔
اجلاس میں قائمہ کمیٹی مواصلات کی یکم جولائی سے 31 مارچ تک کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی، قائمہ کمیٹی خارجہ امور کی یکم جولائی سے 31 مارچ تک کی رپورٹ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے ، سید امین الحق قائمہ کمیٹی آئی ٹی کی یکم جولائی سے 31 مارچ تک کی رپورٹ پیش کریں گے۔
علاوہ ازیں قائمہ کمیٹی توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کی رپورٹ ،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب مختلف مالیاتی رپورٹس ایوان میں پیش کریں گے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر کے خطاب پر اظہار تشکر کی تحریک پیش کی جائے گی، اجلاس میں نکتہ اعتراضات اور توجہ دلاؤ نوٹس پر مختلف امور زیر غور لائے جائیں گے۔