کوئٹہ: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گرد قوم کو تقسیم کرنا چاہ رہے ہیں، دہشت گرد عناصر کو ہر قیمت پر شکست دیں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کے زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خصوصی شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس کے شرکا کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ صورتحال واضح ہے ریاست نے رہنا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنی ہے، انسداد دہشت گردی ونگ کو جدید اسلحہ فراہم کریں گے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان دل کے قریب ہے، صوبے کی ترقی اور پائیدار امن چاہتے ہیں، بلوچستان کے ہر بچے کو سکول میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے بچوں کو روشناس کروانا وقت کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں قائم مقام گورنر بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری، سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔