بلاول نے پی ایس ایف اور پی وائی او کی تنظیمیں تحلیل کرنے کی اجازت دیدی

Published On 25 March,2025 11:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس ایف اور پی وائی او کی تنظیمیں تحلیل کرنے کی اجازت دیدی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی سے صوبائی قیادت نے ملاقات کی، بلاول ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں تنظیمی امور اور اتحادی حکومت کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کرنے والوں میں صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب راجہ پرویز اشرف اور صوبائی جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق راجہ پرویز اشرف نے پی ایس ایف اور پی وائی او کی تنظیمیں تحلیل کرنے کی اجازت طلب کر لی، بلاول بھٹو زرداری نے دونوں تنظیموں کو تحلیل کرنے کی اجازت دے دی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے پی ایس ایف اور پی وائی او میں متحرک نوجوان شامل کرنے کی ہدایت کر دی، عید کے بعد دونوں تنظیموں میں تبدیلی کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پارٹی کو نئے خون کی ضرورت ہے، پارٹی کے سینئر لوگوں کو چاہیے کہ نوجوانوں کی رہنمائی کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں نوجوان پیپلز پارٹی کی طرف متوجہ ہوں، تعلیم یافتہ لوگوں کو پارٹی میں آکر متحرک کردار ادا کرنا چاہئے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم ایسی پالیسی چاہتے ہیں کہ پارٹی میں سینئر لوگ ہوں اور نیا خون بھی پارٹی میں شامل ہو، پاکستان میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے۔