اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے پاکستانی صحافیوں کے دورہ اسرائیل پر سوالات کا جواب دیا اور بتایاکہ حکومت نے صحافیوں کے اسرائیل جانے کی رپورٹس کا نوٹس لیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ پر واضح طور پر درج ہے کہ یہ "اسرائیل کے سفر کے لیے قابل استعمال نہیں" ہے، موجودہ قوانین کے تحت ایسا کوئی دورہ ممکن نہیں ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان کا اسرائیل کے بارے میں مؤقف تبدیل نہیں ہوا، پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا، پاکستان فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی غیر متزلزل حمایت کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق، مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتا ہے۔