دریائے سندھ پر کینال نامنظور، پانی کیلئے مر کر بھی دکھائیں گے: نثارکھوڑو

Published On 26 March,2025 12:44 am

حیدرآباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ دریائے سندھ پر کینال ہمیں نامنظور ہے۔

پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے حیدرآباد میں پی پی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے حیدر چوک پر کالا باغ ڈیم کے خلاف جمع ہوئے تھے، اس وقت بہت سی جماعتیں ساتھ تھیں اور فیصلہ کیا کہ جدوجہد کو آگے بڑھانا ہے۔

نثار کھوڑونے کہا کہ یہ ہمارے پانی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، کیا حکومت کو معلوم نہیں کہ دریا سوکھے ہوئے ہیں، فصل بونے کا وقت ہے لیکن پانی نہیں، کالا باغ ڈیم کے خلاف پیپلزپارٹی نکلی اور کالا باغ بند کروایا، اب کینال بھی بند کروائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت آج غیر قانونی کام کر رہی ہے، سندھ کے ہر ضلع میں لوگ نکلے،احتجاج کیا اور نعرہ لگایا کینال ہمیں نا منظور ہے، آج کا احتجاج پہلا اور آخری نہیں ہوگا، آج کے بعد کارکنان کو کہتا ہوں ہر تحصیل میں نکل پڑو، ہم نے وزارتیں نہیں لیں صرف جمہوریت کے قیام کیلئے ساتھ دیا۔

پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نے کہاکہ اگر کینال پر کوئی ضد کرتا ہے تو ہماری بھی ضد ہے کینال نہیں بنیں گے، چار اپریل کے بعد بلاول بھٹو بھی کسی بھی دن حیدرآباد آئیں گے، پھر میرپورخاص، کراچی اور ہر شہر جائیں گے، ووٹ کے خاطر ہم مرتے ہیں تو پانی کی خاطر بھی مر کر دکھائیں گے۔