پاکستان میں عید الفطر کب ہوگی؟ سپارکو نے بھی پیشگوئی کردی

Published On 26 March,2025 01:08 pm

اسلام آباد: (حریم جدون) پاکستان کے سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے بھی شوال کے چاند کی رویت سے متعلق پیش گوئی کردی۔

سپارکو کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رمضان کا مہینہ 29 دن کا ہونے کی توقع ہے جبکہ عید الفطر 31 مارچ کو ہو گی۔

سپارکو کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شوال کا نیا چاند 29 مارچ کو دوپہر 3 بج کر 58 منٹ پر تشکیل پائے گا اور 30 مارچ کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 27 گھنٹے ہو گی۔

اعلامیے کے مطابق 30 مارچ کو چاند اور سورج کا زاویائی فاصلہ تقریباً 16 ڈگری اور غروب آفتاب کے وقت چاند کی بلندی تقریباً 14 ڈگری ہو گی لہٰذا 30 مارچ کو چاند انسانی آنکھ سے آسانی سے نظر آئے گا تاہم عیدالفطر کی حتمی رویت کا فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔