کوئٹہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کوئٹہ میں معطل ہونے والا ٹرین آپریشن آج سے بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس کل پشاور سے کوئٹہ روانہ ہوگی اور پرسوں کوئٹہ سے سفر شروع کرے گی، بولان میل ہفتے میں 7 روز چلے گی، عید سپیشل ٹرین 29 مارچ کو کوئٹہ سے روانہ ہوگی، عید کے پہلے تین دنوں کیلئے 20 فیصد رعایت رکھی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ دنیا کے بڑے واقعات میں سے ایک ہے، قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، حملے میں نہتے شہریوں کو شہید کیا گیا، دہشت گردوں نے زبان قوم اور فرقوں کی بنیاد پر حملہ کیا جبکہ دنیا بھر نے اس حملے کی مذمت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں جاری دہشت گردی پاکستان کے خلاف منصوبہ سازی ہے، ہمارے لوگ دہشت گردوں کو معاونت فراہم کرتے ہیں، اس لئے وہ کامیاب ہوتے ہیں، ہم چھٹی ایٹمی طاقت ہیں، اس لئے ملک میں دہشت گردی کو پروان چڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ملک کی بہادر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ٹرین پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کا ردعمل قابل اطمینان تھا، ضرار کمپنی کے کمانڈوز نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر لوگوں کی جانیں بچائیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، سکیورٹی اور حکومتی دونوں سطح پر فیصلہ ہو چکا ہے کہ دہشت گرد جہاں ہوں گے ان کا پیچھا کیا جائے گا، سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے حملے میں ملوث بہت سے دہشتگردوں کو واصل جہنم کر دیا ہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے چیئرمین مظہر علی شاہ اور سی ای او ریلوے امیر بلوچ کے ہمراہ کوئٹہ ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا اور حملے سے متاثرہ جعفر ایکسپریس کی بوگیوں کا معائنہ کیا۔