محکموں کا منصوبوں و فنانشل معاملات کیلئے پرائیویٹ کنسلٹنسی فرموں پر انحصار ختم

Published On 15 April,2025 04:27 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب حکومت کا سرکاری خزانے کی بچت کے لیےاہم فیصلہ سامنے آ گیا۔

سرکاری محکموں کا منصوبوں و فنانشل معاملات کے لیے پرائیویٹ کنسلٹنسی فرموں پر انحصار ختم کردیا، سرکاری محکموں کے منصوبہ جات کی کنسلٹنسی کے لیے حکومت اپنا ادارہ قائم کرے گی۔

دستاویز کے مطابق پنجاب حکومت فنانشل ایڈوائزری سروسز کا قیام کرے گی، فنانشل ایڈوائزری سروسز کے قیام سے  فرموں کو مشاورت کے لیے دیے جانے والے کروڑوں کے فنڈز کی بچت ہوگی۔

اسی طرح فنانشل ایڈوائزری سروسز محکمہ خزانہ کی زیر نگرانی کام کرے گا، ادارہ منصوبوں کی ڈوپلیکیشن روکنے اور وسائل کے مؤثر استعمال سے باخبر فیصلہ سازی کو یقینی بنائے گا، ادارے کو چلانے کے لیے پنجاب فنانشل ایڈوائزری سروسز ایکٹ بھی بنایا جائے گا۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ پنجاب فنانشل ایڈوائزری سروسز کا بورڈ 11 افسران پر مشتمل ہوگا، سربراہی وزیر خزانہ کریں گے، محکمہ خزانہ نے پنجاب فنانشل ایڈوائزری سروسز ادارے کے قیام کے لیے 25 کروڑ بطور سیڈ منی مانگ لیا۔