بجلی سستی کردی، آج پٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی ہوگی: وزیراعظم

Published On 15 April,2025 09:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے فی یونٹ تک کمی کردی، آج پٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان ہوجائے گا۔

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کومنتقل کریں گے، آج پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی جس کا اعلان کچھ دیر میں ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری توانائی اور متعلقہ افراد کی معاونت سے بجلی کی قیمتوں میں ساڑھے 7 روپے کی کمی کی جاچکی ہے جو پاکستان کے تمام صارفین کے لیے کی گئی ہے جس میں کاروباری حضرات بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ 8 بے گناہ پاکستانیوں کو شہید کردیا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کریں کم ہے، وزیر خارجہ کی ایرانی ہم منصب سے گفتگو ہوئی ہے اور میں نے بھی اس پر بیان جاری کیا، امید کی جانی چاہیے کہ ایرانی حکومت قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی گی۔ 

انہوں نے کہا کہ جو کمی آرہی ہے اس کو ہم نے روکنے کا سوچا ہے تاکہ قوم کے زخموں کی مرہم پٹی کی جائے اور ان کو شفایاب کرسکیں، اس سلسلے میں ہم نے بڑی سوچ و بچار کے بعد طے کیا ہے کہ کراچی، قلات، خضدار، کوئٹہ اور چمن کے سنگل روڈ کو خونی روڈ کہا جاتا ہے لیکن فنڈز کے بغیر یہ مکمل نہیں ہوگا۔

واضح رہے پٹرول کا موجودہ ریٹ 254 روپے 63 پیسے فی لٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 258 روپے 64 پیسے لٹر ہے۔