کراچی : (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنماء شرجیل انعام میمن نے کہا ہےکہ عمرکوٹ کے ضمنی انتخاب میں ایک بار پھر پاکستان پیپلز پارٹی کا مقابلہ تمام سیاسی جماعتوں کے اتحاد سے ہے۔
شرجیل میمن نے ایکس پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پی ٹی آئی امیدوار کی حمایت میں جی ڈی اے، مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی (ف)، تمام مذہبی جماعتیں اور قوم پرست جماعتیں اکٹھی ہوگئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو شکست دینا تمام جماعتوں کے اتحاد کا خواب ہے، انشاء اللہ، پاکستان پیپلز پارٹی اللہ کے فضل و کرم سے کامیاب ہوگی۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 عمر کوٹ میں ضمنی الیکشن کل 17 اپریل کو ہوگا، جس کے باعث عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، 2024 کے عام انتخابات میں نواب یوسف تالپور اس حلقہ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، رواں سال فروری میں انکے انتقال پر سیٹ خالی ہوئی تھی۔