فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈا پور کا بیان غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا

Published On 16 April,2025 09:38 pm

پشاور:(دنیا نیوز) خیبرپختونخوا (کے پی) کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پورکے بیانات کو غیر ذمہ دارانہ اور قومی سالمیت پر سوالیہ نشان قرار دے دیا۔

خیبرپختونخوا گورنر ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے بیان کی مکمل تائید کرتا ہوں، سمندر پار پاکستانی ہمارا فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورت حال تشویش ناک ہے، آرمی چیف خیبرپختونخوا میں قیامِ امن کے لیے کردار ادا کریں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا کردار کلیدی ہے۔

گورنرخیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت امن و امان پر غیر سنجیدہ ہے، وزیراعلیٰ کے افغان مہاجرین سے متعلق بیانات ریاستی پالیسی سے انحراف ہیں، علی امین گنڈاپور کے غیر ذمہ دارانہ بیانات قومی سالمیت پر سوالیہ نشان ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ تمام ادارے اور قیادت ایک صفحے پر آئیں، پی ٹی آئی کا ایجنڈا صرف انتشار اور الزام تراشی ہے، وفاقی حکومت کی پالیسیوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔