پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے زیرصدارت محکمہ اعلیٰ تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی سطح پر سٹیٹ آف دی آرٹ انوویشن حب کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو مجوزہ انوویشن حب کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی کہ خیبرپختونخوا انوویشن حب پشاور یونیورسٹی کے اندر قائم کیا جائے گا، اس کے لئے یونیورسٹی میں پہلے سے قائم انکیوبیشن سینٹر کی عمارت کو استعمال کیا جائے گا۔
علی امین گنڈا پور کو بریفنگ دی گئی کہ انوویشن حب میں موجود سہولیات سے یونیورسٹی کو سالانہ 6 کروڑ روپے تک آمدن ہوگی، انوویشن حب ایک کثیرالمقاصد آئی ٹی سینٹر کے طور پر کام کرے گا۔
وزیراعلیٰ نے مجوزہ انوویشن حب کا جلد اجرا یقینی بنانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی کے بعد دیگر جامعات میں بھی انوویشن حب قائم کریں گی،انوویشن حب کے قیام سے یونیورسٹی کو مالی طور پر مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آئی ٹی سے وابستہ نوجوانوں اور کمپنیز کو بہترین کوورکنگ سپیس میسر ہوگی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع ملیں گے۔
اجلاس میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ڈیجیٹل کونیکٹس کے قیام کی بھی اصولی منظوری دی گئی، ڈیجیٹل کونیکٹس ابتدائی طور پر کرایہ کی عمارتوں میں قائم کیا جائے گا، ڈیجیٹل کونیکٹس آئی ٹی پارکس، کوورکنگ سپیس اور کمپیوٹر لیب پرمشتمل ہوں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ چاہتے ہیں ہرڈویژن میں نوجوانوں کیلئے آئی ٹی انوویشن سے مستفید ہونے کی سہولت میسر ہو، دور جدید کی ضرورت کے مطابق آئی ٹی کے استعمال کی سہولت فراہم کرنی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کے اداروں کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے، صوبے کے تمام اداروں کو آئی ٹی کی طرف لے کر جانا ہے، اس کے لئے درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے۔