سندھ بار کونسل کا کینالز منصوبے کیخلاف25 اپریل کے بعد ریلوے کا پہیہ جام کرنے کا اعلان

Published On 22 April,2025 04:54 pm

سکھر :(دنیا نیوز) سندھ بار کونسل نے کینالز منصوبے کے خلاف اگلے لائحہ عمل کا اعلان کردیا، 25 اپریل کے بعد ریلوے کا پہیہ جام کیا جائے گا۔

سندھ کے ضلع سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرمین سندھ بار کونسل شفقت رحیم راجپوت کا کہنا تھا کہ متنازعہ کینالز کا منصوبہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 25 اپریل کے بعد قومی شاہراہ کے ساتھ ساتھ ریلوے ٹریکس پر بھی دھرنے دیئے جائیں گے،عوام سے اپیل کی جاتی ہے، 25 اپریل کے بعد ٹرینوں میں سفر کرنے سے گریز کریں نہیں تو انہیں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

شفقت رحیم راجپوت کا کہنا تھا کہ آج سے ببرلو بائے پاس کے ساتھ ساتھ کموشہید، ڈیرہ موڑ اور شکار پور میں بھی دھرنے دیئے جا چکے ہیں، دریائے سندھ ہمارے صوبہ کی شہہ رگ ہے اس پر سمجھوتہ کسی صورت قبول نہیں، کینالز بنا کر سندھ کے حق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔