عمران خان حملہ کیس: مرکزی ملزم کو دو بار عمر قید اور جرمانے کا حکم

Published On 26 April,2025 05:06 pm

گوجرانوالہ :(دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی تحریک انصاف(پی ٹی آئی) حملہ کیس کے مرکزی ملزم کو2 بار عمر قید اور جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔

 گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی حملہ کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا، مرکزی ملزم کو اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت الگ الگ عمر قید کی سزا سنائی ہے، ملزم کو 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے،عدالت نے اس کیس میں نامزد دیگر 2 ملزمان وقاص اور طیب کو باعزت بری کردیا ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں فائرنگ سے جاں بحق معظم کو قتل کرنے کے جرم میں ایک مرتبہ عمر قید اور دہشت گردی ایکٹ کا جرم ثابت ہونے پر ایک مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی  جبکہ چار افراد کو زخمی کرنے کے جرم میں مجرم نوید کو تین سے پانچ سال تک قید کی سزا سنائی گئی ۔

مجرم نوید پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا، عدالت نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے بانی پی ٹی آئی کے الزام میں ملزمان کو سزا نہیں سنائی،مقدمہ میں عمران خان کا حق صفائی ختم کر دیا گیا، مقدمہ کے زخمی گواہ بانی پی ٹی آئی کی عدم پیروی پر حق صفائی ختم کیا گیا۔

دوران سماعت عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو آٹھ مرتبہ بطور زخمی گواہ بیان ریکارڈ کروانے کا حکم دیا ، عمران خان کو متعدد بار اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر بھی پیش ہونے کا حکم دیا گیا،عدالت کےبار بار حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی نے بطور زخمی گواہ بیان ریکارڈ نہیں کرایا۔

خیال رہے مرکزی ملزم نوید کی طرف سے میاں داؤد ایڈووکیٹ، بری ہونے والے شریک ملزمان طیب جہانگیر بٹ کی طرف سے عمران عباس سپرا ایڈووکیٹ اور وقاص کی طرف سے افتخار شیروانی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

واضح رہے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملہ کا مقدمہ تھانہ سٹی وزیر آباد میں درج کیا گیا تھا، مقدمہ سب انسپکٹر عامر شہزاد کی مدعیت میں سات نومبر 2022 کو درج ہوا تھا۔