لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے پنجاب میں ڈی این اے کیلئے مرکزی ڈیٹا بیس بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی صوبہ بھر سے ڈی این اے ریکارڈ اکٹھا کرے گی، ڈی این اے ڈیٹابیس سنگین جرائم کے ملزمان کی بروقت شناخت میں مددگار ہو گا، صوبہ بھر کی جیلوں میں موجود قیدیوں کا ڈی این اے بھی ڈیٹا بیس میں ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تمام جرائم پیشہ افراد اور عادی مجرمان کا ڈی این اے ریکارڈ بھی اکٹھا کیا جائے گا۔
سیکرٹری داخلہ نورالامین مینگل کی ہدایت پر ماہرین کا ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے، ماہرین کا ورکنگ گروپ مرکزی ڈی این اے ڈیٹا بیس کے قیام کیلئے ماڈل تجویز کرے گا، ڈی این اے کا مرکزی ڈیٹا بیس نظام انصاف کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں معاون ہو گا۔
ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی ڈاکٹر محمد امجد کو ورکنگ گروپ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، ڈائریکٹر ایڈمن پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی ولید بیگ، پروفیسر ڈاکٹر معاذ الرحمان اور ڈی آئی جی اطہر وحید ممبران ہوں گے، ورکنگ گروپ ایک ہفتے میں اپنی تجاویز سیکرٹری داخلہ کو پیش کرے گا۔