کراچی: (دنیا نیوز) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت 17 سال سے قابض ہے، پیپلز پارٹی نچلی سطح پر اختیارات دینے کے لئے تیار نہیں ہے۔
امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نیازی پارک کے افتتاح کے موقع پرعلاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے لئے پارکس، کھیلوں کے میدان اور سرکاری سکولوں کو آباد کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔
منعم ظفرخان نے کہا کہ واٹراینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیئرمین قابض مئیرمرتضیٰ وہاب نے پانی کا مسئلہ حل نہیں کیا، ہمیں فخر ہے کہ کراچی صوبے کا 96 فیصد ریونیو دیتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ شہرمیں پانی کا مسئلہ حل کرنا قابض مئیر مرتضیٰ وہاب کی ذمہ داری ہے، اگر شہر کے لوگوں کا پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو ہر محاذ پر جدوجہد کریں گے، صوبائی حکومت سے کہنا چاہتے ہیں کہ یوسی کے بجٹ کو بڑھایا جائے اور او سی ٹی میں سے کراچی کو حصہ دیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم فلسطین اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کی جدوجہد کو بھی آگے بڑھائیں گے، صیہونیوں کی مصنوعات کے بائیکاٹ کو بھی آگے بڑھانا ہے، بائیکاٹ مہم کے ذریعے اسرائیل و امریکہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے۔
منعم ظفرخان نے کہا کہ ارض فلسطین پھر سے آزاد ہوگی اور ہم مسجد اقصیٰ میں پھر سے نماز پڑھیں گے۔