اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اور ڈائریکٹر نیب کو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر توہینِ عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
جسٹس بابر ستار کے آرڈر معطل ہونے کے باوجود ایک اور آرڈر جاری کرنے پر قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر برہم ہو گئے، قائم مقام چیف جسٹس کی سربراہی میں ڈویژن بنچ نے جسٹس بابر ستار کا آج کا آرڈر بھی معطل کرنے کے ریمارکس دیئے۔
قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بنچ نے انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی، ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے جسٹس بابر ستار کے آرڈر کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کر رکھی ہے۔
وکیل ڈائریکٹوریٹ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے بتایا کہ جسٹس بابر ستار نے آج سماعت کی اور 8 صفحات کا آرڈر بھی کر دیا ہے، قائمقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ وہ آرڈر کیسے پاس کر سکتے ہیں اُن کے پاس تو کیس ہی نہیں؟۔
قائمقام چیف جسٹس نے کہا کہ پٹیشن میرے پاس ڈویژن بنچ میں کلب ہے، توہینِ عدالت نوٹس معطل کیا ہوا ہے، (جسٹس بابر ستار کا) آج کا 8 صفحوں کا آرڈر بھی معطل کر رہے ہیں، عدالت نے انٹراکورٹ اپیل پر سماعت ملتوی کر دی۔