لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں گرمی کی شدت برقرار رہی، جنوبی پنجاب ،بلوچستان اور سندھ میں جھلسا دینے والی گرمی پڑ رہی۔
جنوبی علاقوں میں موسم شدید گرم رہا، خیرپور میں پارہ 48 کو چھو گیا، شہید بینظیر آباد، روہڑی، سبی، سکرنڈ میں 47 ریکارڈ کیا گیا، سکھر، جیکب آباد، رحیم یار خان، لاڑکانہ اور دادو میں 46 ڈگری رہا، پشاور 44،لاہور 43، اسلام آباد 41 اور راولپنڈی میں 40 تک پہنچ گیا۔
شہر قائد میں بھی موسم گرم مرطوب رہا، کراچی میں پارہ 38 رہا، آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیئرز پگھلنے کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے بارش کی نوید سنا دی، یکم سے 4 مئی تک ملک کے مختلف علاقوں میں بادل برسیں گے۔