'190 ملین پاؤنڈ کیس: سزا کیخلاف اپیل 2025 میں مقرر ہوتی نظر نہیں آتی'

Published On 01 May,2025 01:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف اپیلوں سے متعلق بڑی پیش رفت سامنے آگئی۔

رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ میں سزا کے خلاف اپیلیں صرف اپنے نمبر پر ہی سماعت کے لیے مقرر ہوں گی۔

رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل مقرر کرنے سے متعلق تحریری رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیل اس سال مقرر ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق فکسیشن پالیسی مرتب کی گئی، فکسیشن پالیسی کے مطابق زیر التوا کیسز اور اپیلوں کو نمٹایا جائے گا۔

رجسٹرار آفس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں اس وقت سزا یافتہ مجرموں کی 279 اپیلیں زیر التوا ہیں، سزائے موت کیخلاف 63 اور عمر قید کی سزا کے خلاف 73 اپیلیں زیر التوا ہیں، 7 سال سے زائد قید کی 88 جبکہ سات سال سے کم قید کی 55 اپیلیں زیر التوا ہیں، سزائے موت کے خلاف سب سے پرانی زیر التوا اپیل 2017 کی ہے، اپیلیں دائر ہونے کے بعد اپنی اپنی باری پر مقرر ہوتی ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 14 سال قید کی سزا کے خلاف اپیل 31 جنوری 2025 کو دائر ہوئی، بانی پی ٹی آئی کی اپیل ابھی موشن سٹیج پر ہے، اس اپیل پر پہلے پیپر بکس تیار ہو گا اس کے بعد اپنے نمبر پر لگے گی۔

رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کی ڈائریکشنز کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل 2025 میں مقرر ہونے کا امکان نہیں ہے۔