لاہور : (دنیا نیوز) وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے لاہور ریلوے سٹیشن کا اچانک دورہ کیا، صفائی کے ناقص انتظامات پر ڈویژنل میڈیکل افسر صائمہ ممتاز کو معطل کر دیا۔
وفاقی وزیر نے ریلوے سٹیشن پر ملازمین کی غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے سٹیشن ماسٹر کی سرزنش کی، صوبائی فوڈ اتھارٹیوں کو سٹیشنوں پر چھاپے مارنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا، فوڈ اتھارٹیاں ریلوے سٹیشنوں پر بغیر اجازت کھانے کا معیار چیک کر سکیں گی۔
بعدازاں وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی ریلوے سٹیشن سے پیدل ریلوے کی واشنگ لائن پہنچ گئے، ملازمین کی کم تعداد کا نوٹس لیتے ہوئے ریلوے کے افسروں کے گھروں سے تمام ملازمین فوری واپس بلانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ من پسند بھرتیوں کی وجہ سے آج اس حالت کو پہنچے ہیں، نرم مزاجی دکھا لی، اب سختی کی جائے گی، بد عنوانی کے کیس ایف آئی اے کو دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔